خبرنامہ سندھ

کراچی :سرچ آپریشن کے دوران 27 افراد گرفتار ، ایک زخمی جاں بحق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن اور کارروائیوں کے دوران تیئس مشتبہ افراد سمیت ستائیس ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ لیاری میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک زخمی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا ، تفصیلات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران تیئس افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ ادھر گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی میں پولیس نے دو منشیات فروشوں عدنان اور جہانگیر کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ۔ دوسری جانب ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔