خبرنامہ سندھ

کراچی سمیت اندرون سندھ قبل ازوقت مون سون بارشوں کاامکان

کراچی:(اے پی پی ) محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد حنیف کا کہنا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ گزشتہ 3 برسوں میں بارشوں سے محروم رہا ہے کہ لیکن اب صوبہ سندھ پورے ملک سے 15 روز قبل مون سون کی بارشوں سے مستفیض ہوگا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور اندرون سندھ کے عوام کے لئے 3 برس بعد آنے والی خوشخبری یہ ہے کہ صوبے بھر میں قبل از وقت مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹرڈاکٹرمحمد حنیف کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون کی بارشیں انتہائی امید افزا ہوں گی اور 3 سالہ خشک سالی اور بارش کے منتظر کراچی اور اندرون سندھ کے عوام پر باران رحمت جم کربرسے گی۔ محمد حنیف کا کہنا ہے کہ مختلف ڈیٹا کی مدد سے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ رواں سال مون سون سندھ کے حوالے سے بہترین رہے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رواں سال مون سون کا سسٹم پاکستان میں قبل از وقت ہی داخل ہوجائے گا، بارشوں کا یہ سلسلہ 15 جولائی سے 15 ستمبر تک جاری رہے گا جب کہ کراچی اوراندرون سندھ میں بارشیں مقررہ وقت سے 10 سے 15 روز پہلے ہونے کا امکان ہے۔ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی امید ہے، بارشوں سے مستفیض ہونے والے اندرون سندھ کے علاقوں میں تھرپارکر، عمرکوٹ ، چھاچھرو، مٹھی اوردیگر اضلاع بھی شامل ہیں جہاں اچھی خاصی بارشوں کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے مطابق مئی اور جون میں کراچی میں 1 سے 2 ہیٹ ویوز بننے کے امکانات ہیں اور ان ہیٹ ویوز کی شدت گزشتہ سال سے کم ہوگی۔