کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی
کراچی:(ملت آن لائن) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں پیر کو بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بعد اب کراچی میں بھی بارش کی نوید سنا دی ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ بارشوں کا سسٹم اتوار کو پاکستان میں داخل ہوجائے گا جس کی وجہ سے ملک کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے درجنوں شہروں میں بارش کا امکان ہے جب کہ اسی سلسلے کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے اب شہر قائد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب سے آنے والا بارشوں کا سسٹم اتوار کی رات پاکستان میں داخل ہوگا اور کراچی میں پیر کو بوندا باندی ہوسکتی ہے جب کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے داخل ہونے والے سسٹم کے باعث بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، سبی، نصیرآباد اور مکران ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔