کراچی سندھ کا اٹوٹ حصہ، الگ صوبے کی بات نہ کی جائے، خورشید شاہ
جیکب آباد(ملت آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سندھ کا اٹوٹ حصہ ہے الگ صوبے کی بات نہ کی جائے۔
کندھ کوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے، ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستان کے خلاف بڑی سازشیں اوراسے توڑنے کی باتیں ہورہی ہیں لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ کراچی سندھ کا اٹوٹ حصہ ہے اسے الگ صوبہ بنانے کی بات نہ کی جائے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے تحفظ کی بات کی ہماری خواہش وزیراعظم بننے کی نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے خواہشمند ہیں ہم نے عمران خان اور سڑکوں سے اٹھاکر پارلیمنٹ میں پکڑ کر لائے اور 8 ماہ کی تنخواہیں بھی دلوائیں جب کہ ایم کیوایم والوں کو بھی پارلیمنٹ میں واپس لانے والے ہم ہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف بیرون ملک بیٹھ کر گیڈر بھبکیاں لگارہے ہیں جب کہ بے نظیر بھٹو اپنی زندگی میں ہی مشرف کو اپنا قاتل قرار دے چکی تھیں۔