کراچی سینٹرل جیل میں کارروائی، بڑی تعداد میں جہادی لٹریچر برآمد
کراچی: سینٹرل جیل میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران بڑی تعداد میں جہادی لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد شروع ہونے والا یہ آپریشن چار گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران 100 سے زائد ریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران کراچی کی جیل میں قید دہشت گردوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان کی تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا 13 جون کو کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں دہشت گرد اب افغانستان پہنچ چکے ہیں۔
ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزمان 33 سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور ان پر 40 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ملزم احمد منا کو ایک کیس میں 10 سال قید کی سزا بھی ہوچکی تھی۔ قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پرسپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 12اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔
بعدازاں ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اور جرائم پیشہ گروہوں کا سب سے مضبوط نیٹ ورک سینٹرل جیل کراچی سے چلایا جارہا تھا تاہم اسے ختم کردیا گیا ہے۔