خبرنامہ سندھ

کراچی سے نوعمر اسٹریٹ کرمنل گرفتار

کراچی: (ملت+آئی این پی)کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 کم عمر ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کیے ۔ ملزمان میں 11 سالہ سنی عرف چونی اور 14 سالہ ایان شامل ہیں۔کم عمر ملزم سنی نے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ 11 سالہ سنی کا کہنا تھا کہ ہر واردات میں ساتھ جانے کے 400 روپے ملتے تھے۔ اب تک تین وارداتوں میں ساتھ جاچکا ہوں۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ پولیس سے بچنے کے لئے ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزم سنی کا کہنا تھا کہ 29 دسمبر کو ڈکیتی مزاحمت پر تنویر بھی قتل ہوا۔ ملزم نے کہا کہ تنویر کو گینگ کے ساتھی ذیشان نے گولی ماری۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث اس گینگ کے 6 اراکین ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔