خبرنامہ سندھ

کراچی: شاپنگ مال میں لگنےوالی آگ سے 100 دکانیں جل گئیں

کراچی: (اے پی پی) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ آتشزدگی کے باعث 100 دکانیں جل گئیں ، فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچنے پر دکانداروں نے احتجاج کیا اور نعرے باز ی کی ۔ ڈیفنس فیزون میں واقع شاپنگ مال میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پہلی اور دوسری منزل کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری طور پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔ ریسکیو حکام کے مطابق چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ۔ امدادی سرگرمیوں میں کے ایم سی کے 16 فائرٹینڈر، باوزر اور اسناکل سمیت کنٹوئمنٹ بورڈ اور ڈی ایچ اے کے فائرٹینڈرز نے حصہ لیا ۔ شاپنگ مال میں آتشزدگی کے بعد فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچنے پر دکانداروں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔ دکانداروں کے احتجاج کے باعث ایف ٹی سی سے ڈیفنس موڑ جانے اور آنے والی سڑک بند ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔