خبرنامہ سندھ

کراچی: فائرنگ سے سی ٹی ڈی افسرجاں بحق

کراچی: (آئی این پی) کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ، ملیر سے لیاری گینگ وار کا کارندہ جبکہ شیریں جناح کالونی سے 3 ملزمان پکڑے گئے، بن قاسم سے 7 جواری پکڑے گئے، فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا ۔ ملیر سالار گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ملزم 5 افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ شیریں جناح کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کر لئے، پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ دوسری جانب بن قاسم پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 7 جواری گرفتار کر لئے، چھاپے کے دوران جواریوں سے جوئے میں لگی رقم بھی برآمد ہوئی ۔ ادھر جمشید کوارٹر کے علاقے بلوچ پاڑہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا اے ایس آئی شہباز حیدر جاں بحق جبکہ لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔