خبرنامہ سندھ

کراچی: فائرنگ سے 1 جاں بحق

کراچی (آئی این پی )کراچی میں مختلف علاقوں میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 6 ملزمان اور 5 مشتبہ افراد حراست میں لے لیے۔ گلشن اقبال میں عوام نے دو ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ لیاری شاہ بیگ لین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ بہادر آباد میں بلوچ کالونی پل کے قریب دوران ڈکیتی مزاحمت پر محمد اسماعیل نامی شخص زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب سعودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان اور 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سولجر بازار میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ شارع فیصل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کرلئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان صدیق عرف بلڈر اور میر حسن کے قبضے سیمنشیات ، دو پستول اورگولیاں برآمد ہوئیں۔ ادھر محمودآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عبدالوہاب کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوئی ہے جبکہ گلشن اقبال کے علاقے میں واقع کے ڈی اے مارکیٹ میں لوٹ مار کرنیوالے دو ڈاکوؤں کو شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ شہریوں نے تشدد کے بعد ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کردیا۔