کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں پی ٹی آئی کارکن سمیت 3 افراد زخمی
کراچی:(ملت آن لائن) شہر قائد میں پیش آنے والے فائرنگ کے مختلف واقعات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سچل کے علاقے میں نامعلوم نقاب پوش ملزم نے پی ٹی آئی سندھ یوتھ کے جنرل سیکریٹری علی میر جت پر گھر کے قریب فائرنگ کردی۔ علی میر جت کو 2 گولیاں لگیں، انہیں طبی امداد کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ علی میر نے قوم پرست جماعت سے تحریک انصاف میں شمولیت کی تھی۔ پولیس کے مطابق علی ملیر جت کا سچل اور اسٹیل ٹاؤن تھانے میں کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے اور واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور علی زیدی نے اسپتال پہنچ کر زخمی کارکن کی عیادت کی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملزم کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب لیاقت آباد نمبر 6 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ صفورہ کے علاقے میں بھی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔