خبرنامہ سندھ

کراچی :فیڈرل بی ایریا میں کارروائی؛ دو مشتبہ گرفتار

کراچی(آئی این پی) کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پولیس نے کارروائی کرکے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، دو ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ قائد آباد میں دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے ، فیڈرل بی ایریا صنعتی ایریا میں انسداد پولیو مہم سے قبل پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا ۔ کارروائی کے دوران پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، اِس دوران ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ فیڈرل بی ایریا کے علاقے مدینہ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ دوسری جانب قائد آباد میں لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے ۔ مشتعل لوگوں نے دونوں ڈاکوئوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور رینجرز کے حوالے کردیا ۔ عوام کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ڈاکو علاقے میں لوٹ مار کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔