کراچی:(اے پی پی)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد اعظم نگر میں کارروائی کے دوران 2 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے ۔ عزیز آباد میں پولیس کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ۔کورنگی کی عوامی کالونی میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق عوامی کالونی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دو ملزمان اشتیاق احمد اور نعمت علی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیںجن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔کورنگی کے علاقے زمان ٹائون میں پولیس نے کارروائی کرکے دو ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق زمان ٹائون میں متعدد ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان عبدالکریم اور رفیق کو گرفتار کرلیا گیا،ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں،جن کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔اُدھر ڈیفنس خیابان مسلم میں ایک ریسٹورنٹ پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے چھاپا مار کر ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔