کراچی(آئی این پی)کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں 4ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ کورنگی سو کوارٹرز سے 30مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اورنگی میں سیاسی جماعت کے کارکن کی نشان دہی پر زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ اورنگی ٹاون میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔جس کے دوران زیر زمین چھپائے گئے 10 ایس ایم جی، ایک ایل ایم جی اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لی گئیں اور ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق پہلے سے گرفتار سیاسی جماعت کے کارکن افسر خان کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی۔ ادھر اورنگی ٹاون ہی کے علاقے میں کٹی پہاڑی کے قریب سے پولیس نے ملزم اعجاز علی کو گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضے سے شراب کی 135 بوتلیں برآمد کی گئیں،ملزم مومن آباد کے علاقے میں شراب سپلائی کرنے جارہا تھا،۔دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔ کورنگی ہی کے علاقے سو کوارٹرز میں پولیس نے رات گئے سرچ آپریشن کیا۔جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران پولیس نے 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کر دیا۔