کراچی:(اے پی پی)کہتے ہیں کہ لالچ بری بلا ہے۔ ایسا ہی ہوا کراچی کے ایک لالچی ملزم کے ساتھ ! جو چھینے گئے موبائل فون چھپانے کے چکر جان سے گیا۔ کورنگی میں ورادات کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد اسپتال کی بجائے گھر چلا گیا۔ زیادہ خون بہہ جانے سے موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق گذشتہ رات صدیق نامی ایک نوجوان کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا تھا جو طبی امداد کے دوران ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی کورنگی تنویر اوڈھو کے مطابق پولیس نے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ اسے کورنگی میں سنگر چورنگی پر گولی لگی تھی، پولیس نے جائے وقوعہ پر جاکر تفتیش کی تو عینی شاہدین نے ڈکیتی کے دوران کسی شہری کی جانب سے ملزم کو گولی مارنے کے واقعے کی تصدیق کی، شبہ ہونے پر پولیس ہلاک نوجوان کے گھر زمان ٹاؤن پہنچ گئی، گھر کی تلاشی لی گئی تو کافی تعداد میں موبائل فون برآمد ہوئے۔ تفتیش کرنے پر ملزم کی بہن نے بیان دیا کہ زخمی ہونے پر بھائی نے اس کے حوالے کئے تھے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فون تھانے لاکر آن کئے گئے تو ان کے مالکان کے فون آنا شروع ہوگئے۔ پولیس نے لٹنے والے افراد کو تھانے بلوا لیا اور کئی شہریوں نے لاش کو ڈکیتی کے ملزم کے طور پر شناخت کرلیا۔ ایس ایس پی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق ڈکیتی کے دوران شہری کی گولی سے زخمی ہونے سے ملزم نے اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتیں کیں۔ زخمی ہونے کے باوجود چھینے گئے موبائل فون اور دیگر سامان چھپانے کے لئے اپنے گھر چلا گیا تھا اور اپنی موٹر سائیکل بھی گھر پر کھڑی کرنے کے بعد ایمبولنس بلوا کر جناح اسپتال پہنچا، اسپتال پہنچنے تک زیادہ خون بہہ چکا تھا اور طبی امداد کے دوران وہ چل بسا۔