کراچی:(اے پی پی)کراچی کے علاقے گلشن معمار میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مقابلے کے بعد دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،مچھر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ گلستان جوہر اور لانڈھی سے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گلشن معمار میں رات گئے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں دو ملزمان موقع پر ہی مارے گئے، ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت عبداللہ اور مجاہد کے ناموں سے ہوئی، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم داعش گروپ سے تھا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے دو خودکش جیکٹس، چار دستی بم، کلاشنکوف اور دو راونڈز برآمد کرلئے گئے، جبکہ لانڈھی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران چار ڈاکووں کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر چھینا گیا سامان بھی برآمد ہوا ہے، دوسری جانب پولیس نے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں کارروائی کی اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد ہوا ہے،جبکہ بلدیہ ٹاون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔