خبرنامہ سندھ

کراچی :مبینہ پولیس مقابلے میں2 ڈاکو ہلاک

کراچی :کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے،درخشاں اورکلفٹن میں سرچ آپریشن کے دوران دوملزمان سمیت پندرہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،محمود آباد سے سیاسی جماعت کے کارکن کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کے دوران دکاندار کو زخمی کیا تھا۔ جبکہ ڈیفنس درخشاں میں پولیس نے کارروائی کر کے دو ملزمان فرحان اور اسماعیل کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ محمود آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا،ایس ایس پی ساوتھ ڈاکٹر فاروق کے مطابق گرفتار ملزم ابراہیم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے،ملزم کے قبضے سے سرکاری رائفل اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ملزم اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ دوسری جانب پولیس نے کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق زیرحراست افراد میں سے ایک سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔