خبرنامہ سندھ

کراچی :متحدہ لندن سیکریٹریٹ کے 3 دہشتگرد گرفتار

کراچی: (آئی این پی) رینجرز نے لیاقت آباد سے تین دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد ریحان علی عرف چکنا، زبیر عرف اچھو اور جاوید کا تعلق ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ سے ہے۔ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے چار 303 رائفل، ایس ایم جی، بارہ بور رائفل اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ تینوں دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا یے۔ رینجرز نے ملیر میں چھاپہ مار کر ایم کیو ایم کے 2 عہدیدار گرفتار کر لیے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار عہدیداروں میں سیکٹر انچارج حسن عالم اور جوائنٹ سیکٹر انچارج طلحہ وارثی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کا جوائنٹ سیکٹر انچارج طلحہ وارثی میڈیا ہاؤسز پر حملے میں ملوث ہے۔ دوسری جانب پولیس نے میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والی ایم کیو ایم کی مزید دو خواتین کارکنوں کو بھی دھر لیا ہے۔ ان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔ میڈیا ہاؤسز پر حملے کے الزام میں دو دن پہلے بھی دو خواتین کو لائنز ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا۔