کراچی:محرم میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، پانچ دہشت گرد ہلاک
کراچی(ملت آن لائن)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سچل میں پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق خفیہ اطلاع پر حساس اداروں اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا۔
اسی دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جبکہ علاقے سے کچھ دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جو کہ محرم کے دوران شہر میں کارروائی کرنا چاہتے تھے۔
جائے وقوعہ سے راکٹ، ایک موٹر سائیکل اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر اس حوالے سے جلد میڈیا سے گفتگو کرکے مزید تفصیلات بتائیں گے۔