کراچی:(اے پی پی) کراچی میں اس سال کا پولیو کا ایسا کیس سامنا آگیا ہے جس میں بچے کو آٹھ بار قطرے پلائے گئے تھے ، ادھر حکومت کہتی ہے کہ قطرے پینا مرض کے خاتمے کی ضمانت نہیں البتہ بیماری کے امکانات کم ہو جاتے ہیں ۔ کراچی میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس آگیا ، محکمہ صحت نے تصدیق کر دی ہے ۔ تین برس کے اعجاز خان میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ متاثرہ بچہ اعجاز ولد شیر علی خان گڈاپ ٹاؤن کی یوسی سات کا رہائشی ہے ۔ حکام کے مطابق بچے کو نو بار انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں ۔ متاثرہ بچے کا تعلق پشتون فیملی سے ہے ۔ ادھر کراچی کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ، ڈاکٹر ظفر اعجاز تصدیق کرتے ہیں کہ ویکسین بالکل ٹھیک ہے تاہم اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ قطرے پینے والوں کو پولیو نہیں ہوگا ۔ پولیو ویکسین سے مرض کے امکانات کم ہوجاتے ہیں ۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں رواں ماہ انسداد پولیو مہم 15 فروری سے شروع ہوگی ۔