خبرنامہ سندھ

کراچی: مختلف علاقوں سے اشتہاری سمیت 16 افراد گرفتار

کراچی: (ملت+ آئی این پی) کراچی کے مختلف علاقوں سے دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ مختلف جرائم میں ملوث 16 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔کراچی کے مختلف علاقوں سے دو لاشیں ملی ہیں ، پولیس نے مختلف علاقوں سے بھتہ خور اور اشتہاری سمیت 16 افراد کو گرفتار کر لیا۔ کراچی میں لیاری کے علاقے میراں ناکہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سرجانی سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پیر آباد کے علاقے سے پولیس نے بھتہ خور شیخ محمد کو گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی۔ ملزم نے بیکری مالک سے بھتہ طلب کیا تھا۔ ماڑی پور کے علاقے سے گنیگ وار ملزم شاہ جہاں عرف بھورا کو گرفتار کیا گیا اس کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوا۔ ناتھا خان گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گلبرگ میں پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں ایک ملزم اور اسکے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔