کراچی میں ہونے والی ڈکیتیوں میں منظم افغان گروہ ملوث ہیں: ایس پی صدر
کراچی:(ملت آن لائن) ایس پی صدر توقیر نعیم نے کہا ہے کہ شہر میں افغانستان کے منظم گروہ کی جانب سے کارروائیاں کی جاتی ہیں، درخشاں پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والا ڈاکو افغانستان کے ڈکیت گروہ کا سرغنہ تھا۔ آج شہر قائد کے علاقے ناظم آباد 4 نمبر پر پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں گرفتار ملزمان نے یہ انکشاف کیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی صدر توقیر نعیم نے کہا کہ ڈکیت گروہ بنگلے لوٹنے کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، ملزمان وائٹ کرولا میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے، گرفتار ملزمان کا گروہ 10 سے 15 افراد پر مشتمل ہے۔
کراچی : ناظم آباد میں پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو ہلاک‘ 2 گرفتار
انہوں نے کہا کہ ڈکیت گروہ کسی بھی گھر میں کارروائی سے قبل مکمل ریکی کرتا تھا، دو ماہ قبل ملزمان نے ڈیفنس تھانے کی حدود میں لوٹ مار کی، واردات کے بعد ملزمان واپس افغانستان فرار ہوجاتے تھے، گروہ چار روز قبل ہی کراچی آیا تھا، انہوں نے گلبرگ بفرزون میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی واردات کی۔ ایس پی صدر نے کہا کہ ملزمان نے جمشید روڈ کے علاقے سے ایک کروڑ، زمزمہ سے تیس لاکھ جبکہ ڈیفنس میں بنگلے سے دو کروڑ سے زائد رقم اور نقدی لوٹ کر فرار ہوئے، ملزمان جیسے ہی درخشاں پہنچے پولیس کو اطلاع مل گئی تھی۔
کراچی میں پولیس کارروائی 5 خطرناک ملزمان گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان جہانگیر آباد،پٹیل پاڑہ سے ہوتے ہوئے ناظم آباد پہنچے، پولیس جب موقع پر پہنچی تو ملزمان لوٹ مار کر کے نکل رہے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دو گرفتار ہوگئے، مقابلے کے دوران چار ملزمان موقع پر فرار ہونے میں کامیاب بھی ہوئے۔ ایس پی صدر توقیر نعیم کا مزید کہنا تھا کہ پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ دیگر فرار ملزمان کی گرفتار کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔