کراچی(اے پی پی)کراچی میں 6 مسلح ڈاکو طارق روڈ پر واقع جیولری شاپ سے 24 کلو سونے سے بنے زیورات لوٹ کر لے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکووں کو تھیلے میں زیورات بھرتے اور ہاتھ اوپر کئے مالکان کو آہیں بھرتے صاف دیکھا جاسکتا ہے۔ کوئی بھری پُری، چکمتی دمکتی اور لشکارے مارتی جیولری شاپ سے ایک دو نہیں، پورا 24کلو سونا لوٹ کر لے جائے تو شوکیسز کے ساتھ دکان مالک کا دل بھی سُونا ہوجاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی سُونا سُونا سناٹا،آپ دیکھ سکتے ہیں، طارق روڈ پر واقع اس جیولری شاپ میں، ایک فیملی خریداری کرتی نظر آرہی ہے، اور پھر شاپ کے دونوں دروازوں سے ڈاکوؤں کی انٹری، آتے ہی خریدار فیملی کو چلتا کیا اور دُکانداروں کو یرغمال بناکر زیورات تھیلے میں بھرنے شروع کردیئے۔ تھیلے کی گنجائش ختم ہونے لگی تو جیولری کو باکسز کی قید سے آزاد کردیا،دس منٹ جاری رہنے والی اس لوٹ مار میں چار ڈاکو اندر، اور دو باہر نگرانی کرتے رہے، رہی پولیس تو وہ وقوعہ ہونے اور ڈاکووں کے فرار ہونے کے بعد ہی موقع پر پہنچی۔