کراچی میں امن وامان کو ضائع نہیں ہو نے دینگے،گورنرسندھ
کراچی(ملت آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے پاک فوج، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہو نے دینگے ،وفاقی حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث ملک میں قیام امن کے ساتھ معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے۔منگل کے روز گورنرہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل سٹی تاجر اتحادکے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی سربراہی اتحاد کے صدر حماد پونا والا کررہے تھے جبکہ وفد میں سرپرست جمال سیٹھی ، جنرل سیکریٹری عارف جیوا ، جاوید قریشی ، منصور ، اسلم بھٹی ، احسان گجر ، جاوید ارسلان ، کاشف اسلام ، عبد القادر نورانی ، طاہر سربازی ، زاہد ملک ، زاہد پیپرانی اور منصور احمد قادوانی سمیت دیگر بھی شامل تھے ۔ ملاقات میں امن و امان اورکراچی میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے ، تاجروں کے مسائل ، درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام میں تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے رینجرز تعینات رہے گی،امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں معاشی ، اقتصادی ، سماجی تجارتی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیاں جاری ہیں ، کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک کاروبار زندگی رواں دواں رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ء سیدنا مفضل سیف الدین اور اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشواء پرنس کریم آغاخان نے کئی روز کراچی میں قیام کیا ، بوہرہ کمیونٹی کے 20 ہزار سے زائد افراد بیرون ملک سے اپنے روحانی پیشواء کی محرم الحرام کی مجالس میں شرکت کے لئے آئے تھے جو شہر میں امن و امان کا واضح ثبوت ہے، ان سرگرمیوں سے دنیا بھر میں کراچی کا مثبت تشخص ابھر کر سامنے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے دہشت گردی ، بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر جرائم کے خاتمے پر مرکوز ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا پاکستان پر امن اور معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے، پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں معاشی ،ا قتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجروں کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل اور درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے وفاق ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہا ہے اس ضمن میں تجارتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی تجارتی علاقوں میں نکاسی و فراہمی آب اور انفراسٹرکچر کی بحالی و ترقی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ گورنر نے کہا کہ خوشحال تاجر خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،روزگار کی فراہمی میں تجارتی سرگرمیاں اہم ثابت ہو سکتی ہیں ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تیز ترین نقل و حمل کے ذرائع تشکیل دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے بڑے جرائم کے خاتمے کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ چھوٹے جرائم کے خاتمے پر مرکوز ہے، اس ضمن میں نگہبان کیمروں کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے، تجارتی علاقوں میں نگہبان کیمروں کی تنصیب کے لئے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ خفیہ کیمروں کی تنصیب کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے ، جرائم کی روک تھام میں نگہبان کیمروں کا اہم کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی کے باعث ہر شعبے میں مثبت سرگرمیاں دیکھی جارہی ہے ، امسال ٹیکس ریونیو 4 ہزار ارب روپے سے بھی تجاوز کرجائے گا جس میں سے 60 فیصد صوبوں کو منتقل کیے جائیں گے اس طرح صوبوں کے حصہ میں00 24 ارب روپے آئیں گے جس سے وہاں ترقی کی رفتار مزید تیز ہو سکے گی۔ ملاقات میں سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا نے گورنر سندھ کو بتایا کہ شہر کی 200 سے زائد مارکیٹیں اور 70 فیصد سے زائد تاجر ان کے ممبر ز ہیں ، شہر میں تاجروں کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے حل کے لئے قائم کئے جانے والے پلیٹ فارم کو تاجروں کا بھرپو اعتماد بھی حاصل ہے ۔انہوں نے شہر میں امن و امان کے قیام میں وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی وژن سے ہی ملک معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے ۔