کراچی:(اے پی پی) پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم کا کہنا ہے کہ انتخابی امیدواروں کو خریدا جارہا ہے اور امجداللہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم کا کہنا تھا کہ انتخابی امیدواروں کی سودے بازی کی جارہی ہے اورپی ٹی آئی کے کارکن امجداللہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ نجمی عالم نےدعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حلقہ 245 کے امیدوار امجداللہ گزشتہ روز میرے پاس آئے تھے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں ستبرداری کے عوض مالی فوائد کے خواہش مند تھے لیکن میں نے ان کو جواب دیا کہ ہماری جماعت کا وتیرہ مالی فوائد دینا نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے ۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ایم کیو ایم کی جانب سے خریدا گیا ہے اور یہ قیمت کتنی تھی مجھے اس کا علم نہیں ۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امجداللہ ہمارے حق میں دستبردار نہیں بلکہ ہماری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے آئے ہیں اگر ان کو خریدا گیا ہے تو مخالفین بلقیس مختار کے حوالے سے کیا کہیں گے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ خرید و فروخت کی سیاست ایم کیو ایم کا وتیرہ نہیں نجمی عالم اور علی زیدی کے بیانات کی مثال اب یہ ہے کہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امجداللہ پیسے والوں کے پاس مالی فائدے کےلئے گئے اور ہمارے پاس دل تھا ہم نے دل دیا ہے ۔