کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح ساڑھے 6 بجے اچانک بجلی غائب ہوگئی، بجلی کی معطلی سے شہر کا نصف حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے ایک مرتبہ پھر کراچی والوں کی نیندیں حرام کر دیں، صبح ساڑھے 6 بجے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور گھنٹوں وقت گزرنے کے باوجود اب تک بجلی بحال نہ ہوسکی۔
کراچی میں بجلی کی معطلی کے حوالے سے کے الیکڑک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بجلی بریک ڈاؤن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ای ایچ ٹی نیٹ ورک ٹرپ کر جانے سے شہر کا نصف حصّہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
کے الیکڑک کے مطابق نیشنل گرڈ اسٹیشن سے شہر قائد کو فراہم کی جانے والی بجلی بھی بند ہے جبکہ بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم کے الیکڑک حکام کی جانب سے بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر ،نارتھ ناظم آباد، ملیر، ماڈل کالونی،فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، کورنگی،لانڈھی، ڈیفنس ،کلفٹن ،گزری ، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس اور بہادرآباد کے علاقے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صبح ساڑھے 6 بجے بجلی کے بریک ڈاؤن سے طالب علموں اور دفاتر جانے والے شہریوں کے شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ محض دو روز قبل بھی شہر قائد کے باسیوں کو بجلی سے محروم کردیا گیا تھا پیر کی صبح 4 بجے بجلی کا بریک ڈاؤن شروع ہوا اور کئی گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں ہوسکی تھی۔
کے الیکڑک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہوا میں نمی کے باعث تکینکی خرابی پیدا ہوئی تھی جس کے نتیجے میں بجلی منقطع ہوئی تھی۔