خبرنامہ سندھ

کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون ، شہریوں نے رات جاگ کر گزار دی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں رات گئے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ، شدید گرمی میں شہریوں نے رات آنکھوں میں کاٹ دی ۔ طلباء آج ہونے والے پیپر کی تیاری بھی نہ کر سکے ، کے الیکٹرک کا کہنا ہے تکنیکی خرابی دور کر دی گئی ، اب شیڈول کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ روشنیوں کے شہر کراچی میں گزشتہ روز ہر سو اندھیرا ہی اندھیرا رہا ۔ گرمی کی لہر میں اضافہ ہوا تو کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی جس سے شہر کے 10 گرڈ سٹیشن جواب دے گئے ۔ شہر کا 80 فیصد حصہ تاریکی کی نذر ہوگیا ، متاثرہ علاقوں میں کلفٹن ، ڈیفنس ، بلوچ کالونی ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت ریڈ زون کی بجلی گئی ، لوڈ دیگر گرڈ سٹیشنز پر منتقل کیا گیا تو تقریباً پورا شہر ہی بجلی سے محروم ہوگیا ۔ ملیر ، شاہ فیصل ، ماڈل کالونی ، گلستان جوہر ، گلشن اقبال ، ناظم آباد ، نارتھ کراچی سمیت کئی علاقے تاریک ہوگئے ۔ شدید گرمی نے شہریوں کو پسینے پیسنے کر دیا ، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے طلباء آج ہونے والے پیپر کی تیاری بھی نہ کر سکے ۔ کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے تکنیکی خرابی دور کر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی تاہم جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں شیڈول کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے