کراچی:(آئی این پی) حساس اداروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔حساس اداروں کی جانب سے جمعہ کو اعلیٰ حکام کو لکھے گئے ایک مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد کراچی میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے ہیں اور آئندہ 48 سے 72 گھنٹے کے دوران کوئی بڑا حملہ ہوسکتا ہے۔ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گرد پانی کے ٹینکر میں دھماکا خیز مواد بھر کر حملہ کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔دوسری جانب دہشت گرد حملے کی اطلاع ملنے کے بعد شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی تخریب کارری کے واقعہ سے پیشگی نمٹا جاسکے۔