کراچی میں بھی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا
کراچی:(ملت آن لائن) اسلام آباد میں دھرنے کے اختتام کے بعد کراچی میں بھی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ اسلام آباد میں حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان معاہدے پانے کےبعد فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کراچی میں گزشتہ ہفتے سے نمائش چورنگی پر دھرنا جاری تھا جو اسلام آباد میں آپریشن کے بعد شہر کےمختلف علاقوں میں پھیل گیا تھا جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہورہا تھا۔ کراچی میں 14 مقامات پر جاری دھرنوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور دھرنا منتظمین نے شہر کے مختلف علاقوں میں دھرنے کے شرکا کو پر امن طور پر گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کردی ہے۔
کراچی میں نمائش چورنگی کے علاوہ ٹاور، سہراب گوٹھ، شاہ فیصل نمبر 2، محمکمہ موسمیات، اورنگی 5، بلدیہ 4، سخی حسن چورنگی، تین ہٹی، لیاقت آباد 10 نمبر،کورنگی ڈھائی، کورنگی پانچ، لانڈھی نمبر 6 اور الاصف اسکوائر پر دھرنے جاری تھے۔ کراچی میں دھرنے ختم ہونے کے اعلان کے بعد سہراب گوٹھ پر دھرنا ختم کردیا گیا ہے جب کہ نمائش چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھرنے کے شرکا پر امن طور پر منتشر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ شہری غیر یقینی صورتحال سے دوچار شہر میں گزشتہ روز حالات کشیدہ ہونے کے باعث آج صبح بھی شہری بے یقینی کی صورتحال سے دوچار رہے، گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے دھرنے ختم ہونے کے بعد واپس لے لیا۔
تعلیمی ادارے بند
سندھ حکوکت کی جانب سے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا جب کہ جامعہ کراچی اور ڈاؤ یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے، ملتوی شدہ پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کاروبار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان
دوسری جانب کراچی کی کاروباری تنظیموں نے آج مارکیٹیں اور کاروبار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی میں کاروبار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کا کہنا تھا کہ آج کاروبار معمول کے مطابق کھولیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر برا اثر ڈالنے والے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرتے۔ صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن محمد رضوان نے بھی آج دکانیں اور کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد-راولپنڈی کے سنگھم پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر ایک مذہبی جماعت ‘تحریک لبیک’کی جانب سے 22 روز قبل دھرنے کا آغاز کیا گیا، جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔