خبرنامہ سندھ

کراچی میں خواتین کیلئے پنک ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں خواتین کے سفر کو آسان اور سہل بنانے کے لئے پنک ٹیکسی سروس متعارف کرائی جا رہی ہے جس میں خواتین کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کے لئے خواتین ڈرائیورز خدمات انجام دیں گی۔ نئی سروس کے آغاز کے فیصلے کے بعد خواتین کو پیش آنے والی بھائی یا والد کی محتاجی ختم ہوگئی ، اب کہیں جانے کے لیے خواتین کو نہ کسی کی منتیں کرنی پڑیں گی نہ اکیلے جانے میں کسی خوف کا سامنا ہوگا کیونکہ پنک ٹیکسی سروس صرف خواتین کے لیے مخصوص ہوگی۔پنک ٹیکسی سروس میں خواتین ہی ڈرائیور ہوں گی اور خواتین ہی اس میں سفر کر سکیں گی۔ پنک ٹیکسی سروس سے جڑی کرن کا کہنا ہے کہ یہ سہولت نہ صرف خواتین کو باعزت روزگار کا موقع دیتی ہے بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے والی خواتین کو درپیش مسائل سے چھٹکارا بھی۔سفر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا سہارا لینے والی خواتین کا ماننا ہے کہ نئی سروس سے منزل مقصود تک پہنچنا نہ صرف ان کے لئے آسان ہوگا بلکہ اطمینان بخش بھی ہوگا ، اب صرف ایک کال یا ایس ایم ایس پر پنک ٹیکسی آپ کی دہلیز پر ہوگی۔