کراچی:(اے پی پی) کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ سے طویل مذاکرات کے بعد ڈیری فارمزکے نمائندوں نے کراچی میں دودھ کی قیمت 80 روپے فی لیٹر مقرر کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ امید ہے اس کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور قانون کے ذریعے نافذ کرنے کی نوبت نہیں آئے گی ۔کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ڈیری فارمرز کے نمائندوں، ڈی سیز اور دیگر حکام کا 14 گھنٹے جاری رہنے والا طویل اجلاس صبح 6 بجے ختم ہوا ۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد ڈیری ایسوسی ایشن کے حکام نے دودھ کی قیمت 80 روپے فی لیٹر مقرر کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے ۔ کمشنر آفس سے 80 روپے لیٹر دودھ کی قیمت کا نوٹی فیکیشن بھی صبح سویرے جاری کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ سب کی رضامندی سے قیمت مقرر کی گئ ہے امید ہے اس کی خلاف ورزی نہیں ہوگی ۔ اس موقع پر عوام نے ردعمل ظاہر کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں واضح کمی ہوئی تو دودھ کی قیمت میں بھی واضح کمی کی امید تھی ۔تاہم دُکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں من مانے اضافے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ 85 سے 90 روپے لیٹر تک فروخت کیا جارہا ہے۔