خبرنامہ سندھ

کراچی میں دہشت گردی روکنے میں وقت درکار ہے: ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی 50 سالوں سے چل رہی ہے ، اس کو روکنے میں وقت درکار ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے جوانوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیو ورکر کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اس طرح کے واقعات مہم کو متاثر کرنے کیلئے کئے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، آپریشن سے کافی حد تک امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ اس طرح کے واقعات میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کا کافی حد تک خاتمہ کردیا ہے مگر یہ چند باقی رہنے والے بھاگتے بھاگتے سکیورٹی فورسز اور پولیس پرحملے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی50 سالوں سے چلی آرہی ہے اس کو روکنے میں وقت لگے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھرمیں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اورملک سے دہشت گردی ختم ہوکر رہے گی۔