خبرنامہ سندھ

کراچی میں شارٹ ٹرم اغواءکے واقعات میں اضافہ، وزیراعلیٰ برہم

کراچی(اے پی پی)وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو شارٹ ٹرم اغوا ء کے واقعات پر فوری قابو پانے کے ساتھ عمر کوٹ اور میرپور خاص میں غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبے بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صو ر تحال، وزیر اعظم کے زرعی پیکیج،صو بے کی 155تر قیاتی اسکیم اور گندم کی خریداری پر غور کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے آئی جی غلام حیدر جمالی کو ہدایت کی کہ میرپور خاص اور عمر کوٹ میں موجود غیر قانونی مدار س کے خلاف کارروائی اور شارٹ ٹرم اغواء کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بھی کارروائی تیز کی جائے اور رینجرز کے ساتھ پولیس کوآرڈینیشن مزید بہتر کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو مزید 10انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے قیام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی ۔آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا ہے کہ جیکب آباد دھماکہ کے مزید 2ملزمان ابراہیم اور عبدالباسط گرفتار کئے جاچکے ہیں جن کا تعلق کالعدم جماعت تحریک طالبان سے ہے۔کراچی میں کارروائیوں کے دوران القاعدہ کے 3 ،کالعدم تحریک طالبان کے 177 جبکہ لیاری گینگ وار کے200 سے زائد دہشت گردوں کو مقابلوں میں ہلاک کردیا گیاہے ۔غلام حیدر جمالی نے بتا یا کہ لیگل کمیٹی نے 35کیس فوجی عدالتوں کو بھیجنے کیلئے منظور کرلئے ہیں مزید 21کیسوں کا جائز لیا جارہا ہے جبکہ پولیوٹیم ،رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے سمیت 3کیسوں میں ملٹری کور ٹ ملزموں کو سزائیں دی چکی ہیں ۔آئی جی نے کابینہ کو بتا یا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں 3949کیسز چل رہے ہیں جن میں سے 45کیسز میں ملزموں کو سزائیں ہوچکی ہیں ۔