خبرنامہ سندھ

کراچی میں شہری پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکارمعطل

کراچی میں شہری پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکارمعطل

کراچی(ملت آن لائن)شارع فیصل پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے وی آئی پی پروٹوکول اسکواڈ میں شامل پولیس اہلکارمعطل کردیئے گئے۔

کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر وی آئی پی پروٹوکول اسکواڈ کی جانب سے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سیکیورٹی ون ملک احسان کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی، شہری پر تشدد کے واقعے کی تحقیقات کے بعد واقعے میں ملوث اے ایس آئی اللہ دتہ اور سپاہی شاہین کو معطل کردیا گیا ہے۔

ایس پی ملک احسان کے مطابق سیکیورٹی اسکواڈ سندھ ہائی کورٹ کے جج کی حفاظت پر مامور تھا جب کہ معطل کئے گئے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی ہے، ملک احسان کا کہنا ہے کہ وی آئی پی پروٹوکول کے درمیان اگر کوئی شہری آ جائے تو اسے 2 سے 3 مرتبہ وارننگ دی جاتی ہے اور نہ ہٹنے کی صورت میں پروٹوکول میں آنے والے کو پکڑ لیتے ہیں یا پھر گاڑی سے سائیڈ مار دی جاتی ہے۔