کراچی:(اے پی پی) کراچی میں 7 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے 245 سے 4 لاکھ 9 ہزار 655 اور حلقہ پی ایس 115 سے 1 لاکھ 62 ہزار 614 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبائی الیکشن کیمش سندھ کے ترجمان نے پیر کے روز ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ کراچی کے حلقہ این اے 245 اور حلقہ پی ایس115 میں پولنگ 7 اپریل کو صبح 8 بجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ حلقہ این اے 245 میں رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 655 ہے جن میں 221242 مرد اور 188413 خواتین ووٹر ہیں۔ حلقہ میں 227 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جن161 کمبائنڈ، 33 مردوں اور 33 خواتین کے ہوں گے اور 796 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سید ندیم حیدر کو ریٹرننگ افسر اور علی اصغر سیال کو ڈسٹرکٹ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشت پر 16 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ این اے 245 کی نشست ریحان ہاشمی کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اسی طرح پی ایس115 میں رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 614 ہے جن میں 90413 مرد اور 72201 خواتین ووٹر ہوں گے۔ حلقہ میں تمام 83 پولنگ اسٹیشن اور 332 پولنگ بوتھ کمبائنڈ بنائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے تابندہ خلیق کو ریٹرننگ افسر اور علی اصغر سیال کو ڈسٹرکٹ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی اسمبلی کی اس نشت پر 14 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ پی ایس 115 کی نشست ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔