کراچی:(اے پی پی) سندھ ہائی کورٹ نے 60 سے زائد لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لئے 3 روز میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس عرفان سعادت خان نے کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے 60 سے زائد شہریوں کی بازیابی کے لئے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران لاپتہ افراد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شہریوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا اور بعد میں لاپتہ ہوگئے، پولیس لاپتہ افراد کی گمشدگی کے مقدمات درج کرنے کے بجائے اہلکاروں کو ہراساں کررہی ہے۔ لاپتہ افراد کے وکیل کا موقف سننے کے بعد عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ جس گمشدہ شہری کے اہلِ خانہ ایف آئی آر درج کرنا چاہتے ہیں ان کے مقدمات فوری درج کئے جائیں، ہراساں کرنے والے پولیس افسران کے خلاف تحریری درخواست دی جائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جن لاپتہ افراد کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے اگر اس پر 3 روز میں عمل درآمد نہ کیا گیا تو سیکریٹری داخلہ خود پیش ہوں، کیس کی مزید سماعت 4 اپریل کو ہوگی۔