خبرنامہ سندھ

کراچی میں مئی اور جون میں شدید گرمی پڑے گی

کراچی:(آئی این پی)کراچی میں مئی اور جون میں شدید گرمی پڑے گی ، سمندر ی ہوا پچھلے سال کی طرح پھر رک سکتی ہے ۔ کے الیکٹرک نے گرمی کی اس شدید لہر کے دنوں میں سسٹم ٹھیک رکھنے اور بجلی کی کمی پر قابو پانے کی یقین دہانی کرا دی ۔ محکمہ موسمیات بھی 3 روز پہلے وارننگ جاری کرے گا ۔ کراچی میں اس سال بھی مئی اور جون میںگرمی کی شدید لہر آئے گی ،اس سال کراچی کو جانی نقصانات سے کیسے بچانا ہےمحکمہ موسمیات اور کے الیکٹرک حکام اسلام آباد میں سر جوڑ بیٹھے۔ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے جیو نیوز کو بتایا کہ گرمی کی شدید لہر کے خطرے سے متعلق پیشگی وارننگ سسٹم بنا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات گرمی کی لہر کی وارننگ 3 روز پہلے جاری کرے گا،بچاؤ کے اقدامات مارچ میں مکمل کر لیے جائیں گے،کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گرمی کی شدید لہر کے دنوں میں سسٹم ٹھیک رکھا جائے گا اور بجلی کی کمی پر قابو پایا جائے گا ۔ کے الیکٹرک، این ڈی ایم اے، وزارت صحت اور صوبائی محکمہ موسمیات عوام کو آگاہی دیں گے۔