کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کلفٹن بلاک 5 ، گلستان جوہر،نارتھ کراچی ،نا ظم آباد سمیت شہر کے کئی علاقو ں میں بجلی معطل ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارش تھم تھم کر برس رہی ہے۔ نیپا چورنگی، جامعہ کراچی، صفورا چورنگی، ایم اے جناح روڈ، اسٹیڈیم روڈ، شہزاد خلیل روڈ سمیت دیگر مقامات پر برساتی پانی کھڑا ہے۔
وزیربلدیات سندھ جام خان شورو نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کلفٹن، گلستان جوہر بلاک 16، 14، 19، گلزارہجری، ہالارسوسائٹی،ٹیچرز سوسائٹی سمیت سپرہائی کی اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ جبکہ کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف 7.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات میں بننے والا بارشوں کا طاقتور سسٹم سندھ کے جنوب مشرق میں پہنچ گیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر ہونے والی بارشیں اسی سسٹم کے زیر اثر ہیں۔ گزشتہ شب سے جاری بارشوں کے باعث قومی ائیرلائن کی پروازوں کا بھی شیڈول متاثر ہوا ہے ۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل پروازوں کا وقت معلوم کرلیں۔ دوسری جانب پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے کل اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔
ناظم امتحانات سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے مطابق بارشوں کے پیش نظر آج ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ ڈی اے ای سال اول کا ملتوی ہونے والا پرچہ اب 13 ستمبر کو ہوگا۔