کراچی۔(ملت آن لائن) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانری افیئرز مکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ٹیکس نادہندگانگاڑیوں کے11 روزہ روڈ چیکنگ مہم کے پہلے دو دن کے دوران مجموعی طور پر تقریبا 7 ہزار گاڑیاں چیک کر کے 3 ملین سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی افیئرز کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالرحیم شیخ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ، شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمن سید سبطین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ ان دو دنوں کے دوران اب تک کراچی میں 3958 گاڑیاں، حیدرآباد میں 1021، سکھر میں 500، لاڑکانہ میں تقریبا 300، میرپورخاص میں بھی 300 کے قریب اور شہید بے نظیر آباد میں تقریباً 500 گاڑیاں چیک کی گئیں۔ چیکنگ کے دوران 158 گاڑیاں مختلف وجوہات کی بنا پر قبضے میں لی گئیں جبکہ 563 گاڑیوں کے کاغذات بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک روڈ چیکنگ مہم کے دوران مجموعی طور پر 3 ملین روپے سے زائد ٹیکسز اور جرمانے کی مد میں وصول کئے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے روڈ چیکنگ مہم کی رفتار اور ایکسائز عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کو مزید تیز کرنے، زیادہ سے زیادہ گاڑیاں چیک کرنے اور ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف جاری روڈ چیکنگ مہم کے باعث ٹیکس جمع کروانے کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر عوام کی صحیح رہنمائی کی جائے تو حکومت سے تعاون کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔