خبرنامہ سندھ

کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران 2 بینک ڈکیت ہلاک ہوگئے، پولیس کا دعویٰ

کراچی:(آئی این پی) ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ کورنگی میں مقابلے کے دوران بینک ڈکیتیوں میں ملوث مزید 2 ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں اس طرح 2016 میں ہونے والی تمام بینک ڈکیتیوں کے کیسز حل ہوگئے ہیں۔ کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سربراہ ایس ایس پی فاروق اعوان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہفتے کی صبح ایک کارروائی کے دوران 2 ملزمان مارے گئے جن کی شناخت فاروق عرف چوہا اورعمران بنک کے نام سے ہوئی۔ ملزم فاروق چوہا اس سے قبل پولیس مقابلے میں فرارہوگیا تھا، ملزم فاروق چوہا بینک ڈکیتیوں کا ماسٹرمائنڈ بھی تھا اور 2013 سے 2016 تک 16 بینک ڈکیتیوں میں ملوث تھا۔ فاروق اعوان نے کہا کہ ایس آئی یوکی کارروائیوں کےدوران بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان مارے گئے جب کہ 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس طرح رواں برس شہر میں اب تک 4 بینک ڈکیتیاں ہوئی ہیں، چاروں بینک ڈکیتیوں کے کیسزحل ہوچکے ہیں اور کسی بینک ڈکیتی میں کالعدم تنظیم ملوث نہیں۔