کراچی میں چاقو بردار کا ایک اور حملہ، خاتون زخمی
کراچی(ملت آن لائن)شہر قائد میں خواتین پر چاقو سے حملے کے واقعات میں کمی نہ آسکی جبکہ مزید ایک اور خاتون کو چھری کے وار کرکے زخمی کر دیا گیا۔
کراچی میں خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والا ملزم سندھ حکومت اور پولیس کے لیے درد سر بن گیا ہے جب کہ چاقو سے خواتین پر حملہ کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے 35 سالہ خاتون کو زخمی کردیا اور فرار ہوگیا، واقعہ کے بعد خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب خواتین پر چاقو سے حملے کے کیس میں ابھی تک کیس میں کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آئی اور پولیس صرف مفروضوں سے کام لے رہی ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے مبینہ حملہ آور وسیم کے دوست کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم وسیم نے آج شام تک خود پولیس کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی انویسٹی گیشن حیدر زمان کی سربراہی میں ٹیم ساہیوال گئی جس کے ایک ہفتے کے بعد ملزم وسیم نے کراچی پولیس سے رابطہ کیا اور ملنے کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم وسیم کے گھر والے پولیس سے تعاون نہیں کر رہے تاہم ملزم سے ملنے کے بعد صحیح صورت حال سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ ملزم وسیم نے ساہیوال اور چیچہ وطنی میں 41 خواتین کو چھری مار کر زخمی کیا تھا، ساہیوال پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تاہم عدالت سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ وسیم ہی وہ ملزم ہے جس نے کراچی میں وارداتیں کی۔