کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، مصروف شاہراہ پر شہری کو لوٹ لیا
لاہور:(ملت آن لائن)کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ڈاکوؤں نے کار سوار شہری کو سرعام چلتی ہوئی سڑک پر روک کر لوٹ لیا، گاڑی میں لگے کیمرے نے ڈاکوؤں کی فوٹیج محفوظ کرلی جس میں ملزمان کی شکلیں بھی واضح ہیں تاہم اب تک انہیں پکڑا نہیں جاسکا ہے۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں میں سے ایک بلا خوف و خطر گاڑی کے سامنے آکھڑا ہوتا ہے اور کار سوار پر پستول تان لیتا ہے۔
سڑک سے دیگر گاڑیاں گزر رہی ہیں لیکن ڈاکو بغیر کسی خوف کے واردات کرنے میں مصروف ہے، اس کے بعد دوسرا ساتھی فرار ہونے کے لئے موٹرسائیکل موڑتا ہے اور کچھ دور جاکر کھڑا ہوجاتا ہے۔
چند لمحوں کی اس واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار بھی ہوگئے۔
دن بہ دن شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کا خوف شہریوں میں بڑھتا جارہا ہے، اس واقعے کی فوٹیج میں ملزمان کی شکلیں بھی واضح ہیں لیکن پولیس کی وہی روایت برقرار کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔