کراچی: (اے پی پی)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ شہر میں کافی عرصے بعد امن بحا ل ہوا ہے۔ قانون اور آئین کے مطا بق جو اختیارات بلدیاتی اداروں کیلئے مخصوص ہیں وہ دے دیے گئے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بلدیا تی اداروںکو مزید اختیارات دینے کا مقدمہ عدالت میں زیر سما عت ہے اس پر رائے نہیں دے سکتے۔حکومت سندھ کی جانب سے قانون اور آئین کے مطا بق جو اختیارات بلدیاتی اداروں کو چاہئیں تھے وہ دے دئیے گئے ہیں،اور ضرورت پڑنے پر مزید اختیارات بھی دیے جا سکتے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ کراچی میں کافی عرصے بعد امن بحا ل ہوا ہے۔ اس دوران کئی سماج دشمن عناصر،دہشتگرد یا تو ما رے گئے یا قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔تاہم کئی فرار بھی ہوئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں جا ری رہیں گی۔