خبرنامہ سندھ

کراچی میں گرد آلود ہوائوں کیساتھ ہلکی بارش کا امکان

کراچی(آئی این پی)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرد آلود ہوائوں کے ساتھ ہلکی بار ش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا ہوا کا کم دبائو جنوب مشرقی ایران اور شمالی بلوچستان میں موجود ہے جس کے اثرات کراچی میں بادلوں کی صورت میں نظر آرہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں گرد آلود تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ ہفتہ کو بھی باران رحمت برسنے کا امکان ہے۔ کراچی میں مطلع کبھی مکمل اور کبھی جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔