کراچی میں گرمی کی شدید لہر، پارہ 42 ڈگری ریکارڈ
کراچی(ملت آن لائن)کراچی میں گرمی کی شدید لہر آج بھی برقرار رہی اور درجہ حررات 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہر میں شدید گرمی کے باعث معمول کی چلنے والی سمندری ہوائیں بھی رک گئی جس کےباعث موسم میں مزید تپش محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوائیں مکمل طور پر بند ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 11 فیصد رہ گیا ہے جس سے موسم میں خشکی پیدا ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں گزشتہ 3 روز سے جاری ہیٹ ویو میں آج کا دن گرم ترین رہا جب کہ کل بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی میں شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔
دوسری جانب ماہرین صحت نے بھی شہریوں کو باہر کی کھلی چیزیں کھانے سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور ہلکی غذا کھائیں۔