خبرنامہ سندھ

کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، پارہ 38 ڈگری تک جا پہنچا

کراچی: (اے پی پی)شہر میں گرمی کی لہر مسلسل تیسرے روز بھی برقرار ہے جب کہ چھٹی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کر لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے اور دوپہر 2 بجے شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد جب کہ ہوا کی رفتار 23 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ دوسری جانب اتوار کی چھٹی کے باعث شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے گرمی سے نمٹنے کے لئے ساحل سمندر کا رخ کر لیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی موجودہ لہر مزید 3 روز تک برقرار رہے گی اس لئے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے میں محتاط رہیں اور پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ 2 روز قبل شہر میں ہیٹ اسٹروک کے باعث 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ گزشتہ برس کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے باعث 1200 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی تھیں۔