خبرنامہ سندھ

کراچی میں ہفتے سے گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان

کراچی میں ہفتے سے گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان

کراچی(ملت آن لائن)کراچی میں ہفتے کے روز سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جو 5 سے 6 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم گرما سال میں دوبار آتا ہے جس کی وجہ سے مئی اور جون کے بعد اکتوبر میں بھی گرمی پڑتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے 30 سالہ رکارڈ کے مطابق ماہ اکتوبر کا نارمل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔

تاہم ہفتے کے روز سے گرمی کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے اور اس دوران درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہر کے درجہ حرارت کو قابو رکھنے والی سمندری ہواؤں کا رخ بھی تبدیل ہونے کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے شمالی علاقوں سے خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر سے ہلکی سردی کراچی میں دستک دے گی جب کہ دسمبر اور جنوری زیادہ سرد ہوں گے۔

دوسری جانب طبی ماہرین نے بھی گرمی شدت بڑھنے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گرمی میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور دھوپ میں سرڈھانپنے کے ساتھر چھتری کا بھی استعمال کریں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، مشروبات زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو کی صورت میں پانی کا زیادہ استعمال کریں۔