کراچی میں 3 سالہ طالبہ کے اغوا کی مبینہ کوشش، اسکول چوکیدار گرفتار
کراچی (ملت آن لائن)کے علاقے ابراہیم حیدری میں مبینہ طور پر اسکول کے چوکیدار نے تین سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر اسے مار پیٹ کے بعد رینجرز کے حوالے کردیا گیا۔ علی الصبح ابراہیم حیدری میں واقع نجی اسکول کے چوکیدار کو کمسن طالبہ کے رشتہ داروں نے زد و کوب کے بعد رینجرز اہلکاروں کے حوالے کردیا۔کمسن طالبہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اسکول کے چوکیدار نے گزشتہ روز ان کی بیٹی کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور بچی کے کہنے پر آج چوکیدار کے خلاف کارروائی کی۔ بچی کے اہلخانہ نے پولیس کو بتائے بغیر چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور رینجرز اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر مشتعل افراد نے چوکیدار کو ان کے حوالے کردیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے ضلع قصور میں 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا جس کی لاش کوڑے کے ڈھیر سے ملی اور ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود اسے اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔