کراچی (اے پی پی)کراچی میں نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی ۔ڈکیتی سے روکنے پر ساتھی سیکیورٹی گارڈز نے گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ نارتھ ناظم آباد میں نجی بینک میں دن کے اوقات میں ڈیوٹی دینے والے 3سیکیورٹی گارڈز نے بینک میں ڈکیتی کرنے کی کوشش کی۔ ڈکیتی کے دوران رات میں ڈیوٹی دینے والا سیکیورٹی گارڈ نوید وقت سے پہلے ڈیوٹی پر آگیا۔نوید نے ساتھیوں کو ڈکیتی کرنے سے روکا تو تینوں سیکیورٹی گارڈز فیصل، جام شوکت اور اللہ دتہ نے نوید پر تشدد کیا اور اسے گولیاں مارکر زخمی کردیا۔ نوید کو پولیس نے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق گارڈ کی حالت تشویش ناک ہے۔ ادھر فرار ہونے والے تینوں گارڈز کی تلاش پولیس نے شروع کردی ہے۔