کراچی:(اے پی پی)کراچی کے علاقے شاد مان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ،سائٹ کے علاقے سے پولیس نے دو منشیات فروش گرفتار کر لیے ، سہراب گوٹھ میں بسوں میں چوری کرنے والی دو خواتین رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں ، گارڈن میں دس سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش اہل علاقہ نے ناکام بنا دی ، ملزم فرار ہو گئے ۔ کراچی کے علاقے بفرزون شادمان میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے ، ادھر سائٹ پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر مختلف مقدمات میں مطلوب دو ملزموں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ۔ ادھر سہراب گوٹھ پولیس کے مطابق گرفتار دونوں خواتین کو مسافر بس میں واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ، خواتین سے چوری کئے گئے چار موبائل فونز برآمد کر لیے گئے ۔ دوسری طرف گارڈن میں تین ملزموں نے دس سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی ، علاقہ مکینوں کے پہنچے پر ملزمان فرار ہو گئے ، مشتعل افراد نے ملزمان کی موٹر سائکل نذر آتش کر دی ۔ پولیس کے مطابق ملزموں کی شناخت اشرف اسد اور ماجد کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ کی روشنی میں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔