خبرنامہ سندھ

کراچی : نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 8 ملزمان گرفتار،مقدمہ درج

کراچی : نوکری کا جھانسہ

کراچی : نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 8 ملزمان گرفتار،مقدمہ درج

کراچی :(ملت آن لائن) نوکریوں کے نام پر جعل سازی اور تاوان وصول کرنے والے آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے گئے، پولیس نےمقدمہ درج کرلیا۔ کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس نے نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوگوں کو پھانسنے والے آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے۔ ملزمان لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلاتے اور حبس بے جا میں رکھ کران کے اہل خانہ سے رقم منگواتے تھے۔ اس حوالے سے متاثرہ شہری اعجازنے بتایا کہ اسے نوکری دینے کیلئے فون کرکے بلایاگیا تھا اور حبس بیجا میں رکھ کر موبائل فون بھی لے لیے گئے، ملزمان نے مجھ سے کہا کہ گھر والوں کو فون کرکے پیسے منگواؤ۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، تفتیشی افسر کے مطابق دفاتر کے لوگ نوکری کیلئے1300سے3500 تک رقم جمع کرانے کا کہتے تھے۔ دفاتر کے لوگوں پرنوکری کیلئے آنے والوں کو حبس بیجا میں رکھنے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں نیو کراچی اور اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی گودھرا اور اطراف کے علاقوں میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرکے 14 افراد کو حراست میں لیا جن سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیرآباد اور میاں والی کالونی میں بھی پولیس کے کومبنگ آپریشن کے دوران چھ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔